۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
امام غریب الغربا کی شہادت پر حرم مطہر سوگوار و عزادار

حوزہ/ فرزند رسول حضرت امام رضا علیہ السلام کے یو م شہادت کی آمد کی مناسبت سے روضہ مقدس کے صحنوں میں عزاداروں اور سوگواروں کی تعداد ہرلمحے بڑھتی جارہی ہے اور ہر طرف یا رضا یا غریب الغربا کی صدائیں گونج رہی ہیں ، ہر آنکھ ، شاہ خراسان کی شہادت پر اشک بار نظر آتی ہے ایسا لگتا ہے کہ اک بار پھر محرم لوٹ آیا ہے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،خاندان رسالت کے دسویں معصوم اور منصب  امامت کے آٹھویں تاجدار حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے ایران کے  مختلف شہروں سے زائرین گاڑیوں اور پیدل قافلوں کی صورت میں مشہد الرضا(ع) پہنچ رہے ہیں تاکہ امام رضا علیہ السلام کی شہادت پر امام   کے مقدس روضہ پر حاضر ہوکر عزاداری و سوگواری کرسکیں ۔

نہ فقط حضرت امام علی رضا علیہ السلام کا حرم مطہر سیاہ پوش ہے بلکہ پورا شہر مشہد امام رضا علیہ السلام کی شہادت پر سیاہ پرچموں اور سیاہ بینرز کے ساتھ سوگوار نظر آتا ہے، جس روڈ جس گلی و کوچہ میں نظر دوڑائیں فقط سیاہ پرچم نظر آتے ہیں۔

حرم امام رضا علیہ السلام کی انتظامیہ زائرین کی میزبانی کے لئے مکمل طور پر تیار ہے، آ ٹھویں امام  کی تاریخ  شہادت کی مناسبت سے حرم رضوی کے صحنوں میں مجالس و عزاداری کا سلسلہ جاری ہے ، خطباء،علماء اور ذاکرین اہلبیت(ع)؛ حضرت رضا علیہ السلام کی سیرت، فضائل و مصائب بیان کرنے کے ساتھ مرثیہ خوانی اور نوحہ خوانی کرکے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کر رہے  ہیں۔

ایران کے اہلسنت مذہب سے تعلق رکھنے والے مسلمان بھی امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں حاضر ہو کر اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کر رہے ہیں، روضہ مقدس کے مختلف مقامات پر اردو اور عربی زبان میں بھی پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں۔

’’سب حضرت رضا(ع) کے خادم و نوکر ہیں‘‘ اس نعرے کے ساتھ ہر شخص امام رضا(ع) کے زائرین اور عزاداروں کی خدمت کے لئے تیار نظر آتا ہے ، کہیں پر کوئی جوان روڈ پر زائرین کے جوتے پالش کر رہا ہے تو کہیں پر کوئی  شخص زائرین اور عزاداروں کے درمیان کھانا تقسیم کر رہا ہے کوئی مفت میں طبی خدمات فراہم کر رہا ہے تو کہیں پر زائرین کے آنے والے راستوں کی صفائی و ستھرائی کی جا رہی ہے۔

دنیا بھر میں مولا امام رضا (ع) سے محبت  و عقیدت رکھنے والوں کے دل روضہ مقدس پر حاضر ہونے کے لئےتڑپ رہے ہیں لیکن کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے مولا کے عزادار اور چاہنے والے روضہ کی زیارت ٹی وی چینل سوشل میڈيا پلیٹ فارموں کے ذریعہ روضے کی  زیارت کررہے ہيں۔ 

قابل ذکر ہے کہ حرم امام رضا علیہ السلام میں منعقد ہونے والی مجالس اور عزاداری کے جلوسوں میں مکمل طور پر حفظان صحت کے اصولوں کی رعایت  کی جا رہی ہے ۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .